
’شوبز میں گوری اداکاراؤں کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے‘
اداکارہ متھیرا کی بہن روز محمد نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں رنگت کی بنیاد پر پائے جانے والے تعصبانہ رویے سے متعلق گفتگو کی ہے۔
اداکارہ روز محمد حال ہی میں اپنی بہن اداکارہ متھیرا کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں اور دوران شو مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
انڈسٹری میں اپنے تجربے سے متعلق روز نے بتایا کہ انہوں نے محسوس کیا ہے کہ ہماری انڈسٹری میں گوری رنگت والی اداکاراؤں کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔
اداکارہ نے اس حوالے سے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں کسی کردار کے لیے کالی رنگت درکار ہے تو کسی گہری رنگت والے اداکار کو ہی کردار آفر کرنا چاہیے نہ کہ گوری رنگت والے اداکار کو بیس لگا کر یا میک اپ کر کے کالا کیا جائے اور پھر اُس سے کردار ادا کروایا جائے۔
دوران شو احسن خان نے بھی روز محمد کے مشورے سے اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ صبور علی بھی انڈسٹری میں رنگت کو لے کر پائے جانے والے تعصبانہ رویے پر ناراضی کا اظہار کرچکی ہیں۔
صبور علی کاکہنا تھا کہ اگر آپ کا رنگ گورا ہے تو آپ کو فوراً کسی ڈرامے میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا جائے گا اور اگر آپ کا رنگ گورا نہیں یا پھر میرے جیسا ہے تو آپ کو جدوجہد کرنی پڑے گی۔