شاہین بلند پرواز کے باوجود آئی سی سی کی نگاہوں سے اوجھل
کراچی: شاہین شاہ آفریدی بلند پرواز کے باوجود آئی سی سی کی نگاہوں سے اوجھل رہ گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سال میں مختلف فارمیٹس کے دوران بہترین کارکردگی پر ایوارڈز کی سلسلہ وار نامزدگیاں جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلیے 4 نامزدگیاں سامنے آئیں، ان میں حیران کن طور پر پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ہی جگہ نہیں مل پائی، 21 سالہ پیسر نے 9 ٹیسٹ میں 47 وکٹیں 17.06 کی اوسط سے لیں، وہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ شکار کرنے والے بولر ثابت ہوئے۔
اس ایوارڈ کیلیے آئی سی سی نے انگلش کپتان جو روٹ، بھارتی اسپنر ایشون، نیوزی لینڈ کے کائیل جیمیسن اور سری لنکن قائد ڈیموتھ کرونا رتنے کو نامزد کیا ہے، روٹ اور ایشون اس سال سب سے زیادہ رنز بنانے اور زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں، انگلش کپتان تاریخ کے تیسرے پلیئر ہیں جنھوں نے کیلنڈر ایئر میں 1700 ٹیسٹ رنز مکمل کیے، اس میں ایک ڈبل سمیت 6 سنچریاں بھی شامل ہیں۔
اسی طرح ایشون نے 8 میچز میں 16.23 کی اوسط سے52 وکٹیں لیں، ساتھ میں 28.08 کی اوسط سے ایک سنچری سے337 رنز بھی بنائے۔ جیمیسن کو17.51 کی ایوریج سے 5 میچز میں 27 وکٹیں لینے اور 105 رنز بنانے پر نامزد کیا گیا۔ کرونارتنے 2021 میں 7 میچز کے دوران 69.38 کی ایوریج سے 902 رنز بناکر تیسرے کامیاب بیٹسمین ثابت ہوئے۔
آئی سی سی کی جانب سے مجموعی طور پر 13 انفرادی ایوارڈز کے ساتھ ہر فارمیٹ میں مینز اور ویمنز کی 5 بہترین ٹیموں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ ایوارڈز میں گیری سوبرز ٹرافی برائے مینز کرکٹر آف دی ایئر اور راشیل ہیہوئے فلنٹ ٹرافی برائے ویمنز کرکٹر آف دی ایئر بھی شامل ہیں۔
ہر ایوارڈ کیلیے 4، 4 نامزدگیوں کا اعلان 31 دسمبر تک ہوگا، ان ایوارڈز کیلیے پلیئرز کی یکم جنوری سے 31 دسمبر 2021 تک کی پرفارمنس کو مدنظر رکھا گیا ہے، ہر کیٹیگری میں ایوارڈ حاصل کرنے والے فاتح پلیئر کے نام کا اعلان جنوری میں کیا جائے گا5 ٹیم آف دی ایئرز کا اعلان 17 اور 18 جنوری کو ہوگا۔
ویمنز کرکٹرز ایوارڈز 23 جنوری کو جاری ہوں گے،اس سے اگلے روز 24 جنوری کو اسپرٹ آف کرکٹ اور امپائر آف دی ایئر کا اعلان کیا جائے گا۔