کرینہ اور امریتا کووڈ سے صحت یابی کے فوراً بعد دوبارہ پارٹی کرنے پر تنقید کی زد میں
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور ان کی بیسٹ فرینڈ اداکارہ امریتا اروڑا کورونا وائرس سے صحت یابی کے فوراً بعد دوبارہ پارٹی کرنے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔
کرینہ کپور اور امریتا اروڑا رواں ماہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پروڈیوسر ریحا کپور کے گھر پارٹی کرنے کے بعد دونوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد دونوں قرنطینہ ہوگئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق اب دونوں اداکارائیں کورونا سے صحت یاب ہوگئی ہیں لیکن صحت یاب ہونے کے فوراً بعد دونوں کو اپنے قریبی دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ دوبارہ کرسمس کا جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کرینہ اورامریتا کی اس حرکت سے بالکل بھی خوش نہیں ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کرینہ کپور قرنطینہ کے دوران گھر سے باہر نکلنے کے لیے دن گن رہی تھیں کیونکہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو یاد کررہی تھیں۔ لیکن جیسے ہی ان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا وہ اپنے بچوں اور دیگر دوستوں کے ہمراہ کرسمس کی تقریب کا جشن مناتے ہوئے دیکھی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اداکارہ کرینہ کپور اور امریتا اروڑا کو اب زیادہ احتیاط کرنی چاہئے اور ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث انہیں پارٹی اور تقریبات میں شامل ہونے سے گریز کرنا چاہئے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے دونوں کو لاپرواہ رویے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا دو بچوں کی اماں ہوگئی ہو ابھی بھی 16 کی ہو کیا۔ ایک صارف نے کہا دوبارہ پارٹی شروع یہی پارٹی میں تو کورونا ہوا تھا ان کو۔
ایک صارف نے کرینہ کو شرم دلاتے ہوئے کہا جس دن ان کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آیا اسی دن پارٹی کرنے پہنچ گئیں۔