پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی بل کی پنجاب اسمبلی سے منظوری احسن اقدام ہے: نسیم الرحمن

وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے اپنے ایک بیان میں پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی بل 2021 کی پنجاب اسمبلی سے منظوری کو خوش آئند اور احسن اقدام قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے پناہ گاہوں کو مستقل بنیادوں پر قائم کرنے اور چلانے میں مدد ملے گی۔ جس سے غریب، مزدور اور کم آمدنی والے مستحقین کو بڑے شہروں میں رہائش اور کھانے کی مد میں ریلیف حاصل ہو گا اور حکومت کی تبدیلی سےپروگرام اور افادیت متاثر نہیں ہو گی۔ نسیم الرحمن نے کہا کہ پناہ گاہیں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پسماندہ، کم آمدنی کے حامل اور مزدور پیشہ افراد کیلئے تحفہ ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو غریب عوام کی مشلات کا احساس ہے اور وہ احساس پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پناہ گاہ اتھارٹی کے قیام سے پناہ گاہوں کو فنکشنل کرنے کے حوالے سے درپیش تکنیکی اور انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی اور سروس کا معیاربھی بہتر ہو گا۔ اس موقع پر انھوں نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کے دیگر متعلقہ عہدیداران کو بھی بل کی منظوری پر مبارکباد پیش کی۔