کراچی 29 دسمبر 2021: 59 ویں یوم والدین کی تقریب کیڈٹ کالج پٹارو میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے موثر تعلیمی ماحول میں معیاری تعلیم کی فراہمی، بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات، فیکلٹی اور کیڈٹس کی کردار سازی کے لیے کیڈٹ کالج پٹاروکی خدمات کو سراہا۔ امیرالبحر نے ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس کو انعامات دیے اور تعلیمی اور مختلف ہم نصابی سرگرمیوں میں ان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
تقریب کے دوران کیڈٹس کی جانب سے مارچ پاسٹ اور فیزیکل ٹریننگ، جمناسٹک، کراٹے اور گھڑ سواری کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔ کلب کی سرگرمیوں کی ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں کیڈٹس نے اسٹالز کی صورت میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مہمان خصوصی نے نمائش کا دورہ کیا اور کیڈٹس کی کاوشوں اور صلاحیتوں کو سراہا۔
قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل کیڈٹ کالج پٹارو کموڈور مشتاق احمد نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور تعلیمی، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کیڈٹس کی غیر معمولی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کالج میں جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبوں سے متعلق بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔
تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج پٹارو اور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان، ملٹری افسران، سندھ حکومت کے سینئر افسران، کیڈٹس کے والدین اور دیگر معززین نے شرکت کی۔