اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے پاک چائنہ بزنس انویسٹمنٹ فورم کا اجرا کردیا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے پاک چائنہ بزنس انویسٹمنٹ فورم کے اجراء کی تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنہ سرمایہ کاری فورم پر مبارکباد دیتاہوں، حکومت کو مشکلات سے نمٹنے کےلیے دونوں ممالک کا فیڈ بیک چاہیے، سرمایہ کارکے لیے وقت اہم ہوتاہے ، ہمارے پاس افرادی قوت ،نوجوان اورہنر مند لوگ موجود ہیں، ہم نے آئی ٹی کو تھوڑا سہارادیاتو اس نے نتیجہ دیناشروع کیا۔
عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ غریب ملکوں کا بڑا مسئلہ ہے، ہر سال بڑی رقم غریب ممالک سے امیر ممالک منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بڑی تیزی سے اربنائز ہورہا ہے، گرین ایریاز ختم ہورہے ہیں ،آبادی بڑھ رہی ہے اور شہر پھیل رہے ہیں۔
سرمایہ کاری بورڈ پاکستان اور آل پاکستان چائینیز انٹرپرائز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے پاک چائنہ بزنس انویسٹمنٹ فورم بنایا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں اضافہ اور بزنس ٹو بزنس و صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
گزشتہ سال مارچ میں ہونے والی چین پاکستان اقتصادی راہداری بزنس کانفرنس میں 70 سے زیادہ کمپنیوں کی شرکت کے بعد بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان میں چینی سفارتخانے اور سرمایہ کاری بورڈ کے تعاون سے بزنس فورم کی بنیاد رکھنے پر اتفاق ہوا تھا۔
فورم میں 18 چینی اور 19 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ فورم کا مقصد پاکستان میں پائیدار سرمایہ کاری، برآمدی صنعتوں کی تعمیر و ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔