اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہا ہے، شیخ رشید

لاہور:وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور اور امن عامہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، راولپنڈی میں فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اورکرتی رہے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی-

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23مارچ کو مارچ کا اعلان کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی،  اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیاست میں رواداری،برداشت اوربھائی چارے کے قائل ہیں، شرافت، شفافیت اور دیانت کے اصولوں پر چلتے ہیں، نفاق کے بیج بونے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، ماضی میں سیاسی انتقام کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا، الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں، ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کی منفی سیاست کو ختم کیا ہے، منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔