فنڈنگ کیس نے عمران خان کے چہرے پر سجا ایمانداری کا میک اپ دھو دیا: احسن اقبال

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے چہرے سے ایمانداری کا میک اپ دھو دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان پورے ملک میں شفافیت کے چیمپین بنتے ہیں لیکن فارن فنڈنگ کیس میں حیلے بہانے کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی چوری پکڑی جا چکی ہے، پی ٹی آئی کس بات کو چھپانا چاہتی ہے، کس بات کی راز داری چاہتی ہے؟ جو ایمانداری کا میک پی ٹی آئی اور عمران خان نے چہرے پر سجایا وہ فارن فنڈنگ نے دھو دیا۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کو رکوانے کے لیے حیلے بہانے تلاش کرتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی اپنی چوری چھپانے کے لیے دوسروں پر کیچڑ اچھال رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں ن لیگ کی بدعنوانی کا ایک ثبوت بھی پیش نہیں کیا، ن لیگ کے کوئی ممنوعہ فنڈنگ کیس زیر سماعت نہیں ہے، یہ جھوٹ بول کر، کراس ایف آئی آر درج کروا کر اپنی چوری بچانا چاہتے ہیں۔