قبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت جاری ہے اورقابض فورسز نے سرینگر میں دو نوجوانوں کو فائرنگ سے شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے علاقے شالیمار میں بھارتی قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کے نام پرنہتے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھا اور اسی دوران دو نہتے کشمیری نوجوانوں کو مشتبہ قرار دے کر گولیوں کا نشانہ بنا ڈالا جس سے دونوں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
بھارتی فوجیوں نے علاقے کے تمام خارجی اور داخلی راستوں کو بند کردیا جبکہ قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔
دوسری جانب معصوم کشمیریوں کو شہید کرنے والے بھارتی فوجی نفسیاتی مسائل کا شکار ہوکر اپنی ہی جانوں کا خاتمہ کرنے لگے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک اور بھارتی پولیس اہلکار نے خودکشی کرلی ہے۔
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرینگر کے علاقے کرن نگر میں واقع فوجی کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی ۔
واضح رہے کہ جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 527ہوگئی ہے۔