‘چھ فٹ 8 انچ’ قد کے حامل پاکستانی فاسٹ بولر کے سوشل میڈیا پر چرچے

کستان میں سوشل میڈیا پر ایک ایسے نوجوان بولر کا چرچا ہے جو مبینہ طور پر چھ فٹ آٹھ انچ قد کا حامل ہے۔

محمد ذیشان کی بولنگ سے متعلق ایک مختصر ویڈیو شیئر کرنے والوں کے مطابق ان کا تعلق پاکستان کے شہر فیصل اباد کے ایک گاؤں سے ہے اور وہ اس وقت پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کا حصہ ہیں۔

محمد ذیشان کا ذکر کرتے ہوئے یہ دعوی بھی کیا گیا کہ طویل القامت بولر پاکستان کی انڈر 19 کی جانب سے آئندہ ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک مختصر ویڈیو میں واضح ہے کہ وہ یکے بعد دیگرے تین بولز کراتے ہیں لیکن ان کے سامنے وکٹ پر موجود بلے باز بے بسی کی عملی تصویر بنے دکھائی دیتے ہیں۔

اونچے قد کے پاکستانی بولر سے متعلق تبصرہ کرنے والوں نے جہاں ان کی بولنگ کو سراہا وہیں وکٹوں کے عقب میں موجود وکٹ کیپر حسیب اللہ خان کی کارکرگی کو بھی پسند کیا۔ انڈر 19 ٹیم کے وکٹ کیپر نہ صرف عمدہ بلے بازی کرتے ہیں بلکہ سپن بولر بھی ہیں۔

محمد ذیشان کو پاکستان کی کرکٹ میں موجود نامور فاسٹ بولرز کا تسلسل قرار دینے والوں کو یقین ہے کہ وہ اپنے سامنے موجود بلے بازوں کے لیے ڈراؤنا خواب رہیں گے۔ نوجوان بولر کی ویڈیو شیئر کرنے والوں نے کرکٹ سے وابستہ شخصیات کو ان کی جانب متوجہ کیا تو امید ظاہر کی کہ وہ جلد اہم ٹیموں کا حصہ ہوں گے۔

سابق انگلش کرکٹر اور فاسٹ بولنگ ٹیکنیشن آئن پونٹ نے محمد ذیشان کی بولنگ کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں سراہا تو ان کے انداز میں موجود تکنیکی طاقت کی نشاندہی کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ بھرپور امکانات رکھتے ہیں۔ ایک الگ ٹویٹ میں سابق انگلش فاسٹ بولر نے محمد ذیشان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

محمد ذیشان کی بولنگ پر تبصرہ کرنے والوں نے ان کی سپیڈ اور ریورس سوئنگ کو مستقبل میں ٹیم کا اثاثہ قرار دیا تو کچھ صارفین برطانوی کرکٹ کلبز کو مینشن کرتے ہوئے انہیں طویل القامت بولر کی جانب متوجہ کرتے رہے۔