سلمان خان نے محبت کا اظہار کر کے شادی سے انکار کیا، سومی علی
ممبئی: پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ سومی علی نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان نے محبت کا اظہار کر کے شادی سے انکار کردیا۔
سومی علی نے حال ہی میں فری پریس جنرل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ فلم ’میں نے پیار کیا‘ دیکھ کر وہ سلمان خان کی محبت میں گرفتار ہوگئیں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’جب میں سلمان خان کے ساتھ نیپال جارہی تھی تو پہلی بار میں نے دبنگ خان سے محبت کا اظہار کیا، جس پر انہوں نے کسی اور سے محبت کرنے کا اعتراف کیا تو میں نے کہا مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے‘۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میں 17 برس کی ہوئی تو سلمان خان نےمجھ سے خود محبت کا اظہار کیا جس کے بعد ہم تقریباً دس سالوں تک ایک دوسرے سے رابطے میں رہے مگر پھر دبنگ خان نے شادی سے انکار کردیا۔
سومی کے مطابق انہوں نے ایک بار سلمان خان سے شادی کا خواب دیکھا تھا، جس کے بعد وہ اسے رب کی رضامندی سمجھ کر امریکا سے ممبئی آگئیں تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے رشتے کو نبھانے کے لیے سلمان خان اور اُن کے والدین سے بہت کچھ سیکھا اور اسی وجہ سے ہم کافی عرصے تک ایک دوسرے کے ساتھ چلتے رہے مگر شادی سے انکار کے بعد وہ واپس امریکا آگئیں تھیں۔
واضح رہے کہ 1991 سے 1999 کے درمیان میڈیا میں سلمان خان اور سومی علی کے درمیان دوستی اور محبت کی افواہیں زیر گردش تھیں اور یہ بھی کہا جاتا تھا کہ دونوں جلد ہی ایک دوسرے کو قبول کرلیں گے۔
یاد رہے کہ سومی نے مختصر بالی ووڈ کیریئر کے دوران فلم کرشن اوتار، غدار اور انت میں کام کیا، جس کے بعد وہ فلمی دنیا سے غائب ہوئیں اور پھر امریکا میں ایک فلاحی تنظیم کا کام شروع کیا۔