کورونا بحران کے باوجود شرح نمو 4 فیصد ہونا بڑی کامیابی ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: () وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں اجناس کی بلند قیمتوں کے براہ راست اثرات ملکی معیشت پر پڑے، کورونا کے باوجود شرح نمو 4 فیصد ہونا بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت میکرواکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہوا جس میں مجموعی معاشی صورتحال اور اشیا کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات پرغور کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ میکرو اکنامک کی حالت مزید بہتر بنائی جائے، معیشت کی بہتری کیلئے منصوبوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، پاکستان نے انسداد کورونا میں غیرمعمولی کارکردگی دکھائی، سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی، عالمی مبصرین نے پاکستان کی معاشی پالیسی کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت غیرمستحکم مالی حالات چھوڑ کر گئی، سابق حکومت نےکم مسابقتی کاروباری ماحول چھوڑا، ہماری حکومت کو نجی شعبے کیلئے کم مراعاتی پالیسی ورثے میں ملی، کورونا کی وجہ سے معاشی مشکلات بڑھیں، عالمی منڈی میں اجناس کی بلند قیمتوں سے براہ راست متاثر ہوئے، افغانستان میں انسانی بحران کےاثرات پاکستان پربھی ہورہےہیں، کورونا کے باوجود بھی شرح نمو 4 فیصد ہونا بڑی کامیابی ہے۔