عامر علی اور سنجیدہ شیخ میں شادی کے 10 سال بعد طلاق ہوگئی
بھارتی ٹیلی ویژن کی نامور جوڑی سنجیدہ شیخ اور عامر علی کی شادی کے 10 سال بعد طلاق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان کی علیحدگی کچھ عرصہ قبل ہی ہوگئی تھی اور انہوں نے طلاق کے کاغذات 9 ماہ قبل جمع کروائے تھے تاہم اب دونوں کی طلاق ہوئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکار جوڑے کی جانب سے اپنی طلاق کو انتہائی خفیہ رکھنے کی کوشش کی گئی اسی وجہ سے انہوں نے اب تک میڈیا کو اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔
سنجیدہ اور عامر کی 2 سالہ بیٹی آئرہ اداکارہ کے ہمراہ ان کے گھر میں رہ رہی ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق عامر علی اور سنجیدہ شیخ طلاق کی خبر پر تبصرہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
سنجیدہ شیخ نے بیٹی سے متعلق کہا کہ چاہتی ہوں کہ میری بیٹی مجھ پر فخر کرے جب کہ عامر علی نے اپنی سابقہ اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اداکار عامر علی اور سنجیدہ شیخ نے کئی عرصہ قربت کے بعد مارچ 2012 میں شادی کی تھی، دونوں نے بھارت کے مقبول ڈانس شو ‘نچ بلیے’ کے تیسرے سیزن میں بھی شرکت کی تھی اور اس میں فاتح قرار پائے تھے۔