ویڈیو: لائیو کانسرٹ میں عاصم اظہر کو بوتل پڑگئی
گزشتہ چند دنوں میں لائیو کانسرٹ کے دوران فنکاروں سے بدتمیزی کے متعدد واقعات دیکھنے میں آئے اور اب ایسا ہی واقعہ گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ بھی پیش آیا۔
انسٹاگرام پر عاصم اظہر کے حال ہی میں ہونے والے لائیو کانسرٹ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھا گیا تاہم اسی دوران مداحوں کے مجمعے سے ایک بوتل ان پر پھینکی گئی جس کے بعد عاصم برہم ہوتے ہوئے اسٹیج سے چلے گئے۔
واقعے کے بعد عاصم اظہر ایک بار پھر اسٹیج پر آئے اور واقعے پر برہمی کا اظہارکیا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کسی شہر میں کسی نے ان سے بدتمیزی نہیں کی لیکن یہاں کی گئی، یہ ایک گندا دانا ہوتا ہے جو سب کو گندا کرتا ہے۔
عاصم اظہر کی برہمی پر ان کے مداحوں کی جانب سے معذرت کرتے ہوئے ’سوری سوری’ کے نعرے بھی لگائے گئے۔
دوسری جانب اسٹیج پر موجود پنجاب کالج کا بینر واضح کرتا ہے کہ یہ واقعہ پنجاب کے کسی شہر میں پیش آیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ہپ ہاپ بینڈ ینگسٹرز کے گلوکار طلحہ انجم کو بھی دورانِ کانسرٹ مداح کی جانب سے بوتل ماری گئی تھی۔