سانحہ مری کے دوران شاہراہوں پر برف پھینک کر رکاوٹیں بنانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مری پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
سیاحوں کے لئے خود ساختہ مشکلات پیدا کرنے والے مقامی مفاد پرستوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوگیا۔ دشوار گزار راستوں پر رات کی تاریکی میں خود برف پھیلانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ سیاحوں کو نکالنے میں مدد کے نام پر بلیک میل کرکے رقوم ہتھیانےکی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمہ پولیس کے اے ایس آئی محمد رمضان کی مدعیت میں درج ہوا جس کے مطابق نامعلوم ملزمان بھوربن روڈ پر برف پھینک کر پھسلن پیدا کرتے تھے، پھر پھنس جانے والی گاڑی کو جیپ سے نکالتے تھے۔
یہ ملزمان برف اور پھسلن میں پھنس جانے والوں سیاحوں سے 4 سے 5 ہزار وصول کرتے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے لیکن کوئی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوا۔
مری میں پھنسے ایک سیاح نے تمام صورتحال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق بھوربن روڈ پر نیلے رنگ کی جیپ پر نامعلوم مقامی افراد نے از خود برف بکھیری۔ سیاح کی گاڑی برف میں پھنس جاتی ہے تو وہ افراد جیپ سے ٹو کرکے نکالنے کے پانچ ہزار روپے وصول کرتے ہیں۔ نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک پر پھیلائی گئی برف سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ۔