مہوش حیات کی ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ ہونے پر انوکھے انداز میں مبارکباد

کراچی: اداکارہ مہوش حیات نے ہمایوں سعید کو آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی نیٹ فلکس سیریز ’’دی کراؤن‘‘ میں کاسٹ ہونے پر نہایت انوکھے انداز میں مبارکباد دی ہے۔

مہوش حیات نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر مونچھیں نظر آرہی ہیں۔ مہوش نے اس تصویر کے ساتھ پیغام میں لکھا ’’بھائی آپ سب لوگوں کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔ مجھے یہاں کنفیوزن (الجھن) دور کرنے دیں۔ دراصل وہ میں ہوں جو ’’دی کراؤن‘‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کررہی ہوں۔ افواہیں پھیلانے والے اب آرام کرسکتے ہیں۔

تاہم مہوش حیات نے بعد میں اسے مذاق قرار دیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ ’’دی کراؤن‘‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ہمایوں سعید ہی ادا کررہے ہیں۔ مہوش نے اپنے ساتھی اداکار کو انٹرنیشنل پلیٹ فارم پر، پرفام کرنے کا موقع ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، سنجیدگی سے، ہمایوں سعید میں آپ کے لیے بہت خوش ہوں۔ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، مبارک ہو‘‘۔

واضح رہے کہ ’’دی کراؤن‘‘ میں کردار ادا کرنے سے متعلق فی الحال ہمایوں سعید نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ تاہم صحافی حسن زیدی اور حسن چوہدری نے ٹوئٹر پر ’’دی کراؤن‘‘ میں ڈاکٹر حسنات کے کردار کے لیے ہمایوں سعید کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ہمایوں سعید کو مبارکبا ددی ہے۔