عمران عباس، سجل اور احد کی علیحدگی کی افواہیں پھیلانے والوں پر برہم
کراچی: نامور پاکستانی اداکار عمران عباس نے اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان علیحدگی کی افواہیں پھیلانے والوں اور ان کی زندگی کے بارے میں تجسس رکھنے والوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان تعلقات میں دراڑ آگئی ہے۔ ان افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب احد رضا میر اور ان کی فیملی نے سجل کی چھوٹی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی میں بھی شرکت نہیں کی۔
صبور کی شادی میں ہر موقع پر سجل علی اکیلی ہی نظر آئیں جس کی وجہ سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر باتیں کرنی شروع کردیں کہ سجل اور احد کے درمیان ناراضگی چل رہی ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے تو دونوں کی طلاق کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر (کیو این اے) یعنی سوال جواب کے سیشن کے دوران جب ایک صارف نے اداکار عمران عباس سے سجل علی اور احد رضا میرکے درمیان تلخیوں کی وجہ معلوم کرنا چاہی اور ان سے سوال کیا ’’کیا آپ جانتے ہیں کہ احد رضا میر کیوں نہیں آئے صبور کی شادی پر؟‘‘ تو عمران عباس نے صارف پر بھڑکتے ہوئے کہا ’’کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ اپنے کام سے کام کیوں نہیں رکھتے؟؟
عمران عباس نے کہا جتنا آپ لوگوں کی زندگی کے بارے میں سوچتے ہیں اگر اپنے بارے میں سوچیں تو کہیں کے کہیں پہنچ جائیں‘‘۔
واضح رہے کہ علیحدگی کی خبروں پر فی الحال سجل علی اور احد رضا میر کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم سجل علی نے چند روز پہلے اپنی اور احد کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس سے ایسا ظاہر ہورہا تھا کہ دونوں کے درمیان سب ٹھیک ہے لیکن بعد میں انہوں نے وہ تصویر ڈیلیٹ کردی تھی۔