الیکشن چوری ختم کیے بغیر ملک ٹھیک نہیں ہو گا: شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جب تک الیکشن چوری ختم نہیں ہو گی ملک ٹھیک نہیں ہو گا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ منی بجٹ آیا ہی کیوں ہے؟ چھ ماہ قبل بننے والا بجٹ ناکام ہو گیا ہے، حکومت آمدن بڑھانے اور اپنے خرچے کم کرنے میں ناکام رہی۔

منی بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اکثریت دکھا سکی تو منی بجٹ پاس ہو جائے گا، اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ منی بجٹ سے عوام اور ملک کا نقصان ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اتحادی اگر اس منی بجٹ کو ووٹ دیں گے تو کہاں جائیں گے، حکومتی حلقے پریشان ہیں کہ منی بجٹ کے بعد اپنے حلقوں میں کیسے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک ادارے نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک آگے چلےگا یا نہیں چلے گا، ملک کی مشکلات کا حل آئین کے مطابق ملک کو چلانے میں ہے، نظام کے اندر غیر آئینی مداخلت ہے جس کا شخصیات سے تعلق نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو بدترین معاشی حالات سے دوچار کر دیا ہے، جب تک الیکشن چوری ختم نہیں ہوگی تب تک ملک ٹھیک نہیں ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کے کئی ارکان اپوزیشن سے رابطے میں ہیں۔