جماعت اسلامی ہرقومی وصوبائی اسمبلی کی نشست پرامیدوارنامزد کررہی ہے،میاں محمداسلم
نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبرقومی اسمبلی میاں محمداسلم نے کہاہے کہ ہرقومی وصوبائی نشست پراپنا امیدوار نامزدکر رہے ہیں ذمہ داران بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپورتیاری کریں، بکھراہواکام کبھی موثرنہیں ہوسکتا، امیدواران پلاننگ کے ساتھ ٹارگٹ کرکے ورکنگ کریں تاکہ موثرنتائج حاصل کئے جاسکیں۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے زیراہتمام صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیاسی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیرڈاکٹرطارق سلیم،مرکزی ناظم شعبہ انتخابات وقارندیم وڑائچ،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،صوبائی صدرسیاسی کونسل ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی،نائب امیر صوبہ حافظ تنویراحمد، صوبائی سیکرٹری سیاسی کونسل رسل خان بابر،صدرجے آئی لیبرپاکستان شمس الرحمن سواتی،امرائے اضلاع سید عارف شیرازی،سردارامجدعلی خان،صوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت قومی وصوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواران ودیگرذمہ داران نے بھی اجلاس میں شرکت کی اوراظہارخیال کیا۔
اس موقع پرراولپنڈی،اسلام آباد اوراٹک کے قومی،صوبائی اوربلدیاتی امیدواران کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لے کرانھیں آئندہ کے لیے ٹاسک دئیے گئے۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پنجاب کے عوام بیدارہورہے ہیں راولپنڈی میں کینٹ الیکشن کے دوران جماعت اسلامی نے اپنابکھرا ہوا ووٹ جمع کرنے کے ساتھ کامیابیوں کاآغازکردیا، راولپنڈی،اسلام آباد سمیت دیگراضلاع میں مئیرنامزدکررہے ہیں،ذمہ داران بلدیاتی انتخابات کے لیے جنگی بنیادوں پر ورکنگ کرتے ہوئے مقامی سطح پرپینل تشکیل دے کرامیدواران کو میدان میں اتاریں۔ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کادورختم ہونے والا ہے ووٹ کی قوت سے عوام کی محرومیوں کاازالہ کریں گے۔وقارندیم وڑائچ نے کہاکہ اتحادی سیاست کے دروازے بند ہوچکے ترازوکے انتخابی نشان اورجماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کریں گے۔