میں عمران نیازی کے لئے ایک ڈراؤنے خواب کی طرح ہوں، شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہوں۔

پیٹرولیم مصنوعات میں ایک بار پھر اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ  عمران نیازی نے ساڑھےتین سال صرف مہنگائی میں اضافہ کیا ہے، پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی اور ظالمانہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، ملکی تاریخ کی سب سے زيادہ مہنگائی اس وقت ہے، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں۔ عمران خان اور حکومت نےعوام کے ساتھ بہت بڑاظلم کیا، غربت اور بے روزگاری نے ڈیرے جما رکھے ہیں، پی ڈیم ایم کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کیلئے ہے۔