ڈوڈوما: () پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس عالمگیر خیر سگالی مشن پر افریقی ملک تنزانیہ پہنچ گیا، بندرگاہ ”دارالسلام“ آمد پر پاکستانی جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے دوران مشن کمانڈر نے عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک بحریہ نے کورونا سے بچاٶ کے حفاظتی اقدامات کے تحت دارالسلام میں میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا، میڈیکل کیمپ میں 2500 سے زائد مریضوں کو علاج اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
تنزانیہ کےعوام نے پاک بحریہ کے اس جذبہ خیر سگالی کو سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا، دورے کے آخر میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا، دورے کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا فروغ اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔