چاروں شریف باہر جانے کے لئے ڈیل مانگ رہے ہیں، شہباز گل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل  نے کہا ہے کہ چاروں شریف باہر جانے کے لئے ڈیل مانگ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں ڈیل اور ڈھیل پر بات کروں گا، چاروں شریف باہر جانے کے لئے ڈیل مانگ رہے ہیں لیکن یہ ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے جب کہ (ن) لیگ میں پانچواں شخص بھی 4 کے ٹولے میں شامل ہونے کی کوشش کررہاہے، شریف فیملی بڑے صحافیوں اور اینکرزکو بتا رہی ہے کہ ڈیل مل گئی، عمران خان ڈیل لیتا ہے نہ ڈیل دیتا ہے، (ن) لیگ نے ہم سے ڈیل لینی ہے تو لوٹے گئے پیسے واپس کریں۔

انہوں نے کہا کہ شریف پیسے اپنے نام کے بجائے دوسروں کے نام پر رکھتے ہیں، لاہورکے 2اسپتالوں میں مبینہ طور پر 3ارب روپے کا گھپلا کیا گیا، شریفوں کے غیر قانونی قبضہ سے زمینیں واگزار کرائیں گے جب کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لئے کوشاں ہیں۔

شہبازگل نے دعویٰ کیا کہ ایک نئی آڈیوسامنے آنے والی ہے جس میں  (ن) لیگ سے شریفوں کونکالنے کی بات ہے، پکڑے جانے پر ان کی کوشش ہے کہ (ن) لیگ پر قبضہ کرلیاجائے۔

ان کا کہناتھا کہ شریف فیملی کو16 ارب روپے کا جواب دینا پڑے گا، اب ن لیگ کے معافی مانگنے کا وقت ہوا چاہتا ہے، شریف فیملی پہلے گالیاں دیتی ہے پھر پاؤں پڑ جاتی ہے۔