کپتانی چند دنوں میں نہیں آجاتی ایک اچھا کپتان بننے کے لیے وقت لگتا ہے، محمد حفیظ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ کپتانی چند دنوں میں نہیں آجاتی ایک اچھا کپتان بننے کے لیے وقت لگتا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتےہوئے  تجربہ کار آل راؤنڈر نے کہا کہ اب ساری توجہ لیگ کرکٹ پر ہے، عمان لیگ میں دو میچز کھیلنے کے بعد پی ایس ایل میں حصہ لوں گا، اپنی فارم اور فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے محنت کا سلسلہ جاری ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ  آفریدی نے اپنی پرفارمنس سے سب کے دل جیتے ہیں، کپتانی چند دنوں میں نہیں آجاتی، ایک اچھا کپتان بننے کے لیے وقت لگتاہے، شاہین کو کھیل کی باریکیوں کی سمجھ اور وہ ایک اچھا کپتان بن سکتاہے لیکن ابھی سے شاہین شاہ آفریدی کے پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے کے بارےمیں نہیں سوچنا چاہیے۔

انہویں نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام ٹیموں نے ہی اچھے کھلاڑی منتخب کیے ہیں، لاہور قلندرز کے پاس کوالٹی پیسرز، اسپنرز اور بیٹسمین ہیں، فیلڈنگ کے شعبے پر خاص ٹوجہ دینا پڑے گی، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں فیلڈنگ اگر اچھی ہوگی تو جیت کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل کو بریک نہیں لگنی چاہیے، منتظمین کے ساتھ اب کھلاڑی بھی کوویڈ صورتحال  کے عادی ہوچکے ہیں، امید ہےکہ پی سی بی حکام اچھی حکمت عملی کے لیگ کو کامیاب بنائیں گے۔

دعا ہے کہ پاکستان سپرلیگ ہر لحاظ سے کامیاب ہو اور پاکستان  کا نام روشن ہو۔