مائیکروسافٹ نے ’کینڈی کرش‘ بنانیوالی کمپنی 68.7 ارب ڈالر میں خرید لی
پالو آلٹو، کیلیفورنیا: مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کینڈی کرش سمیت کئی مشہور گیمز بنانے والی کمپنی ’ایکٹیویژن بلیزارڈ‘ 68.7 ارب ڈالر (12,157 ارب پاکستانی روپے) کی خطیر رقم میں خرید لی ہے۔
اس حوالے سے مائیکروسافٹ کی جانب سے ایک ٹویٹ بھی کرائی گئی ہے جس میں مائیکروسافٹ ایکس باکس اور ایکٹیویژن بلیزارڈ کے لوگوز ایک ساتھ دکھائے گئے ہیں:
متعلقہ پریس ریلیز میں مائیکروسافٹ کارپوریشن کی جانب سے یہ ارادہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ ایکٹیویژن بلیزارڈ کو خرید لے گی۔
البتہ گیمنگ کی جدید دنیا سے واقفیت رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعلان خریداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی کیا گیا ہے ورنہ اس میں اتنے واضح طور پر رقم کا تذکرہ نہیں کیا جاتا۔
اس خریداری کے ساتھ ہی نہ صرف ایکٹیویژن بلیزارڈ کے گیمز سیمت تمام مصنوعات اور اثاثہ جات مائیکروسافٹ کی ملکیت ہوجائیں گے بلکہ مائیکروسافٹ کو ایکس باکس اور روایتی آن لائن گیمنگ سے آگے بڑھ کر موبائل گیمنگ کی دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے کا موقع بھی ملے گا۔
مائیکروسافٹ کی پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکٹیویژن بلیزارڈ کی مہارت استعمال کرتے ہوئے، آنے والے برسوں میں ’میٹاورس‘ کےلیے بھی نئے گیمز تیار کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایکٹیویژن بلیزارڈ کی ذیلی کمپنی ’کنگ اسٹوڈیو‘ کا تیار کردہ ’کینڈی کرش‘ اب تک تقریباً تین ارب سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے اور یہ دنیا کے مشہور ترین گیمز میں شمار ہوتا ہے جسے اسمارٹ فون کے علاوہ فیس بُک میں بھی براہِ راست کھیلا جاسکتا ہے۔