شاہد آفریدی کا فلاحی کاموں کیلئے افغانستان جانے کا اعلان
کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار آل راؤنڈر اور کپتان شاہد خان آفریدی نے فلاحی سرگرمیوں کے لیے افغانستان جانے کا اعلان کیا ہے۔
سابق قومی کھلاڑی کا کہنا تھاکہ فلاحی مقاصد کے لیے دنیا بھر میں سرکردہ ’شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن‘ افغانستان میں بھی خدمات انجام دینا چاہتی ہے، اس حوالے سے افغان حکومت کی جانب سے رابطے پر فاؤنڈیشن نے مثبت جواب دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وہ افغانستان جانے کے لیے دستاویزات کے منتظر ہیں جس کے لیے پاکستان میں افغان سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر شاہد خان آفریدی نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی ٹوئٹ ری شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کی۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ مصیبت کے وقت کمزوروں کے کام آنا بے حد ضروری ہے۔
آل راؤنڈکھلاڑی نے ٹوئٹ میں شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن کے افغانستان میں امدادی کاموں پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔