شاہین نے شاہد آفریدی کی بات کیوں نہ مانی؟

قومی  ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے کپتانی نہ لینے کے مشورے کو نہ ماننے کی وجہ بتائی ہے۔

حال ہی میں شاہین شاہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ لالا کا ماننا تھا کہ کپتانی سے میری بولنگ متاثر ہوگی،میری ان سے اس موضوع پر بات ہوئی تھی۔

شاہین نے کہا کہ شاہد آفریدی نے مجھے یہ مشورہ دیا تھا کہ کپتان بننے کا فیصلہ ابھی نہ لو  لیکن مجھے لگتا ہے کہ انسان کو کسی چیز کا جب موقع ملے تو اسے ضرور حاصل کرنا چاہیے ۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کپتانی ضرور ایک چیلنج ہے لیکن محمد حفیظ اور فخر زمان کی ٹیم میں موجودگی سے آسانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس فرنچائز نے مجھے بہت پیار دیا ہے، میں 2018 سے اس ٹیم کے ساتھ ہوں۔ جو چیزیں مجھے چاہیں تھیں وہ اس نے مہیا کی، اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میری شاہین سے بات ہوئی تھی تو میں نے اسے کپتانی لینے سے منع کیا تھا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے شاہین شاہ کو سمجھایا کہ آپ ایک، دو سال رک جاؤ اور اپنی بولنگ پر بھرپور توجہ دو لیکن اس نے میری نہ سنی کیونکہ وہ بھی آفریدی ہے۔