ماہرہ خان نے’’بول‘‘ فلم سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ لیا تھا، شمعون عباسی
کراچی: معروف پاکستانی اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ماہرہ خان نے اپنی پہلی فلم’’بول‘‘ سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ لیاتھا۔
شمعون عباسی حال ہی میں ایک آن لائن شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے شوبز کے متعدد فنکاروں کو مشورے دئیے۔ شمعون عباسی نے شو میں اپنی سابق بیوی حمائمہ ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا حمائمہ ملک ایک بلند سوچ اور بلند نظریہ رکھنے والی خاتون ہیں۔ انہوں نے حمائمہ کو کام پر توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیا۔
شمعون عباسی نے اداکار شان کے سینما میں بھارتی فلموں پر پابندی لگنے کے مطالبے پر کہا کہ وہ شان کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ اگر آپ سینما میں بھارتی فلموں پر پابندی لگائیں تو پھر ان کے نعم البدل میں لوگوں کو اپنی فلمیں دکھائیں تاکہ سینما چلتے رہیں کیونکہ سینما ایک بہت بڑی انڈسٹری ہے۔ آرٹ کی کوئی سرحد کوئی تفریق نہیں ہوتی لہذا دونوں ممالک کے درمیان آرٹ کی تفریق کو ختم کریں۔
شو کے دوران شمعون عباسی نے بتایا کہ ہمایوں سعید کو شوبز انٹری میں بریک انہوں نے دیا تھا۔ شمعون عباسی نے بتایا کہ ہمایوں سعید پہلی دفعہ میری ٹیلی فلم سے اسکرین پر لوگوں کے سامنے آئے۔
مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملنے کے بارے میں شمعون عباسی نے کہا کہ انہیں تمغہ امتیاز اداکاری پر نہیں بلکہ پرسنالٹی (شخصیت) پر ملا ہے۔
اداکار شمعون عباسی نے شو میں انکشاف کیا کہ ماہرہ خان نے اپنی پہلی فلم ’’بول‘‘ سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ لیا تھا کہ مجھے یہ فلم کرنی چاہئے یا نہیں۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں اُس وقت شائستہ واحدی کے مارننگ شو میں تھے۔ فلم ’’بول‘‘ کے حوالے سے حمائمہ کو بھی فون آیا تھا۔ بریک کے دوران ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے بھی فون آیا ہے تو کیا میں یہ فلم کروں یا نہیں کیونکہ مجھے فلموں کے بارے میں کچھ نہیں پتہ میں تو وی جے ہوں۔
لہذا میں نے ماہرہ خان کو کہا کہ آپ یہ فلم اس لیے کریں کیونکہ شعیب منصور جیسا نام ہے ہی نہیں پاکستان میں وہ جو بھی آپ سے کروائیں گے بہتر ہی کروائیں گے۔ اس کے بعد ماہرہ خان کی ’’بول‘‘ کے ذریعے فلموں میں انٹری ہوئی۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ خلیل الرحمان قمر بھارتی پائلٹ ابھی نندن پر فلم بنا رہے ہیں اور اس فلم کے لیے انہوں نے مجھے پیشکش کی تھی لیکن میں نے منع کردیا جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا میں آپ کا بھائی ہوں کیا میں آپ کے پیر پکڑوں آپ کے پاس آکر کہ آپ یہ فلم کرلیں۔ انہوں نے اتنی بڑی بات کردی جس پر میں نے خلیل صاحب کو کہا آپ بڑی شخصیت ہیں۔ یہ خلیل صاحب کا پیار ہے کہ جس طرح انہوں نے مجھ سے بات کی۔