فاطمہ ثنا کے ٹیلنٹ کو آئی سی سی کی سند مل گئی
کراچی: فاطمہ ثنا کے ٹیلنٹ کو آئی سی سی کی سند مل گئی جب کہ پاکستانی آل راؤنڈر کو ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار دے دیا گیا۔
فاطمہ ثنا نے ووٹنگ عرصے کے دوران 16 انٹرنیشنل میچز میں 23.95 کی اوسط سے 24 وکٹیں لیں اور 16.50 کی ایوریج سے 165 رنز اسکور کیے۔ اس دوران وہ پاکستان کی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا لازمی جزو بنی رہیں۔
اپنے ملک میں کھیلنے کے ساتھ فاطمہ ثنا نے بنگلادیش، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا ٹیم کے ساتھ ٹور بھی کیا اور ہر جگہ پر اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
سال بھر میں لی گئی 24 وکٹوں میں سے 18 انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے 11 میچز میں حاصل کیں، لوئر آرڈر پر بیٹنگ کے دوران انھوں نے اپنی بیٹنگ صلاحیتوں سے بھی ٹیم کا کیس مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انھوں نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور زمبابوے جیسی ٹیموں کے خلاف بالترتیب 28، 22 اور 17 رنز بنائے اور تینوں مرتبہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ فاطمہ ثنا نے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھرپورسپورٹ پر بورڈ، کوچنگ اسٹاف اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔