بھارتی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی انتہائی علیل ، طبی سہولیات سے محروم اقوام متحدہ کورونا وائرس کی خطرناک لہر کے پیش نظر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے میں اپنا کردار ادا کریں،شیخ عبدالمتین
نئی دہلی،سرینگر (کے پی این )بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربندمقبوضہ جموں و کشمیر کے نامور تاجر ظہور احمد وٹالی انتہائی علیل ہیں اور انہیں مناسب طبی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبد المتین نے ایک بیان میں کہاکہ ظہور احمد وٹالی کو دہلی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن مناسب علاج نہ ملنے کی وجہ سے ان کی صحت روز بروز بگڑتی جارہی تھی۔انہوں نے کہاکہ انہیں اسی حالت میں ایک بارپھر تہاڑ جیل منتقل کیا گیا جسکی وجہ سے انکی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ شیخ عبد المتین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت کی جیلوں میںنظربند کشمیری حریت رہنماوں اور کارکنوں کو علاج ومعالجے کی مناسب سہولیات فراہم کرانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کی خطرناک لہر کے پیش نظر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے میں اپنا کردار ادا کریں