پی ایس ایل7 میچز کا سکیورٹی پلان مرتب، 5 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سنبھالیں گے
پی ایس ایل7 میچز کا سکیورٹی پلان مرتب، 5 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سنبھالیں گے
کراچی: ( ) پی ایس ایل7 میچز کیلئے سکیورٹی ڈویژن کی جانب سے پلان مرتب کر لیا گیا، مجموعی طورپر 5650 اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے، ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت سپیشل سکیورٹی یونٹ کے 1200 کمانڈوز سمیت 1700 اہلکار تعینات ہونگے، ٹریفک پولیس کے 1500، سپیشل برانچ کے 500 اہلکار تعینات ہونگے، ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکارفرائض سنبھالیں گے، رینجرزکے جوان اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعینات ہونگے، اہلکارنیشنل سٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز پر تعینات ہونگے۔ پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر بھی تعینات ہونگے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول بس سٹیڈیم کے اطراف کی نگرانی کیلئے سٹیڈیم پر موجود ہوگی ، ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی، سر شاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں عوام کیلئے کھلی رہیں گی، کرکٹ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے سٹیڈیم تک لایا جائے گا۔
سٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلنڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پرپابندی ہو گی، شائقین کیلئے حکیم سعید گراؤنڈ، وی آئی پیز کیلئے چائنا گراونڈ پارکنگ کیلئے مختص ہونگی، شائقین کیلئے قومی شناختی کارڈ لازمی،وقت سے قبل سٹیڈیم پہنچنا ہوگا، 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس لازمی قراردیا گیا ہے۔
نیشنل سٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا، آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس ممنوع ہو گا، بینر،پوسٹر پر مذہبی یا فحش جملوں کی بھی ممانعت ہوگی۔