نجاب میں یوریا کھاد کی قلت عمران مافیا کی کرپشن کی وجہ سے ہے: مریم اورنگزیب
لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود کسان کھاد کے لئے دربدر ہو رہے ہیں، پنجاب میں یوریا کھاد کی قلت عمران مافیا کی کرپشن کی وجہ سے ہے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں 2400 روپے میں ملنے والی یوریا کی بوری آج 10 ہزار میں بھی نہیں مل رہی، عمران صاحب کھاد کی قلت دراصل آپ کی کرپشن کا اعمال نامہ ہے، یوریا 1200 سے 2800 ہوگیا لیکن عمران صاحب کے لیکچر جاری ہیں، آٹا، چینی، ایل این جی میں بھی یہی واردات پہلے ہو چکی ہے، پہلے گندم و چینی کا بحران پیدا کیا گیا، ذخیرہ اندوزی ہوئی، پھر سمگلنگ ہوئی اور پھر مہنگے داموں پر بھی قوم آٹے اور چینی سے محروم رہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کبھی آٹا، کبھی گندم، کبھی دوائی، کبھی ایل این جی اور اب کھاد، عمران مافیا ایک ہی انداز میں ہر بار ڈاکہ ڈالتا ہے، عمران مافیا کی کرپشن کا بازار گرم ہے، کسان دھکے کھا رہے ہیں، کسانوں کو بھکاری بنا دیا ہے، پنجاب میں کھاد کے بحران کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، کھاد کسانوں کو بروقت نہ مل سکی تو گندم کی پیداوار کیسے پوری ہو گی؟ ۔