اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، قوم کے پیسے واپس کردیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جنہوں نے معیشت برباد کی وہی مہنگائی کی بات کرتے ہیں، نوازشریف اور ان کے بیٹے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، اسحاق ڈار اور نواز شریف نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا، ان دونوں میں ہمت ہے تو ملک واپس آکر کیسز کاسامنا کریں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے چور ایک ہو رہے ہیں، عمران خان تو ان کو پیسہ واپس لانے کی بات کرتے ہیں، منظور پاپڑ والے کا ایڈریس پنڈ دادنخان کا ہے، نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، قوم کے پیسے واپس کردیں۔
فواد چویدری نے کہا کہ شہباز شریف کبھی فضل الرحمان تو کبھی آصف زرداری سے ملتے ہیں، بلاول سے کہوں گا پہلے الیکشن لڑنا سیکھ لیں، ماضی کی حکومتوں نے پسماندہ علاقوں کےلیے کچھ نہیں کیا،آج جہلم میں ہیلتھ کیئر یونٹس ہیں۔