شادی کو برسوں گزرنے کے بعد بھی لوگ اس کے جائز ہونے پر سوال کرتے ہیں: حسن احمد

پاکستانی اداکار حسن احمد نے عیسائی مذہب میں شادی کرنے کے بعد سامنے آنے والی مشکلات کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کو دیے گئے انٹرویو میں حسن احمد نے کہا کہ ہماری شادی کو 13 سال ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود لوگ ہم  سے پوچھتے ہیں کہ آپ دونوں کی شادی جائز کیسے ہے لیکن اب انہیں کون سمجھائے۔

دوران گفتگو سنیتا مارشل نے اپنے مداحوں کو ازدواجی زندگی سے متعلق مشورے بھی دیے اور کہا کہ شادی کے شروع کے سال بہت مشکل ہوتے ہیں اگر انہیں گزار لیا جائے تو میاں بیوی کے درمیان کیمسٹری مضبوط ہوجاتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اداکار حسن احمد اپنی اہلیہ سنیتا مارشل کے ہمراہ ایک ٹی وی کے پروگرام میں جلوہ گر ہوئے تھے جس میں اداکار جوڑی کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بچے مکمل طور پر مسلمان ہیں۔

سنیتا مارشل کے مطابق حسن سے تعلق کے پہلے روز ہی ہم نے فیصلہ کرلیا تھا کہ ہمارے بچے مکمل طور پر مسلمان ہوں گے۔

اداکار حسن احمد اور سنیتا مارشل 2009  میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اداکار جوڑی کے دو بچے بھی ہیں۔