اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تھوڑی غربت کم ہوئی جسے کامیابی سمجھتا ہوں۔
وزیرِاعظم نے نے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم “راست” کی اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یواین ڈی پی کی رپورٹ میں کہاگیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں غربت کم ہوئی، ہمیں خیبرپختونخوامیں اس لیےووٹ ملےکیونکہ ہم نےوہاں غربت کم کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے 5 سال مکمل ہونے پر 2020ء میں جب ہماری کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا تو میں صرف ایک چیز دیکھوں گا کہ ہماری حکومت میں غربت کم ہوئی، اگر خوشحالی ہوئی تو کیا اس کے ثمرات نیچے تک گئے، اگر غربت کم ہوئی تو میں اسے کامیابی سمجھوں گا، کورونا کی وجہ سے امیرترین ممالک میں بھی غربت میں اضافہ ہوا ہے، عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت تھوڑی سی کم ہوئی ہے اسے کامیابی سمجھتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں ساڑھے 22 کروڑ کی آبادی میں سے صرف 20 لاکھ ٹیکس دیتے ہیں، سروے کے مطابق امیر طبقہ ٹیکس نہیں دیتا، بہت سارے لوگوں کے گھروں میں گاڑیاں ہیں شہانہ زندگی گزارتے ہیں لیکن صفر ٹیکس دیتے ہیں، میں انہیں خبردار کررہا ہوں کہ بہت جلد ایسے لوگوں تک پہنچنے والے ہیں جو ٹیکس نہیں دیتے، ٹیکنالوجی کے ذریعے ہمارے پاس ان کا ڈیٹا آرہا ہے، ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف ایف بی آر بہت جلد پہنچنے والا ہے، ایف بی آر میں بھی جدید نظام متعارف کروائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو ڈیجیٹل نظام کی طرف لے جانے کے خواہاں ہیں، 22کروڑ آبادی کو اثاثہ بنا کر جدید نظام سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں، بینک والے سوٹ اورانگریزی دیکھ کر لوگوں کو لون دیتے ہیں ، عام لوگ تو بینکوں سے ڈرتے تھے۔