اثاثے بحال نہ ہوئے توامریکا سے متعلق پالیسی پرنظرثانی کریں گے،طالبان
کابل: طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثے بحال نہ کئے گئے توامریکا سے متعلق پالیسی پرنظرثانی کریں گے۔
افغان حکومت کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے کہا کہ نائن الیون حملوں سے افغانستان کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ امریکا نے اشتعال انگیز کارروائیاں جاری رکھیں توامریکا سے متعلق اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں گے۔افغانستان کے اثاثوں کا غلط استعمال کیا جارہا ہے جو امارت اسلامیہ افغانستان کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا عالمی تنقید سے بچنے اورافغان عوام سے تعلقات کونقصان سے بچانے کے لئے افغانستان کے اثاثے نائن الیون کے متاثرین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ فوری واپس لے۔افغانستان کی دولت غیرمشروط طور پرواپس کی جائے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکا میں منجمد افغانستان کے 7 ارب ڈالرز کے اثاثوں میں سے آدھے نائن الیون متاثرین کودینے کااعلان کیا تھا۔