ایچ بی ایل پی ایس ایل7؛ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آج پشاورزلمی کا چیلنج درپیش
لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل7میں اعتماد کی بحالی کیلیے کوشاں گلیڈی ایٹرز کو آج پشاورزلمی کا چیلنج درپیش ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،دونوں ٹیموں نے اب تک7،7میچز کھیل کر3،3فتوحات حاصل کی ہیں، پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں زندہ رکھنے کیلیے یہ معرکہ خاص اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ سے میچ میں بڑا ہدف حاصل کرلیا تھا مگر لاہور قلندرز کیخلاف بیٹنگ فلاپ ہوئی تو بولرز بھی کوئی سنسنی پیدا نہیں کرسکے، کپتان سرفراز احمد کی توقعات جیسن روئے، جیمز ونس اور گذشتہ میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے والے افتخار احمد سے وابستہ ہوں گی۔
محمد حسنین، محمد نواز اور شاہد آفریدی سے محرومی کے بعد بولنگ لائن اپ مشکلات کا شکار ہے،سہیل تنویر اور نسیم شاہ کو بوجھ اٹھانا ہوگا،نور احمد ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں۔
پشاور زلمی نے گزشتہ میچ میں کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی،اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور محمد حارث اچھی فارم میں ہیں،شعیب ملک کا تجربہ کارآمد ثابت ہوسکتا ہے،بین کٹنگ، ردر فورڈ اور لیام لیونگ اسٹون بڑی اننگز کھیلنے کیلیے بے تاب ہوں گے،حیدر علی ٹیم پر بوجھ بنے ہوئے ہیں،عماد بٹ آل راؤنڈ کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
لاہورکی کنڈیشنز میں وہاب ریاض اور سلمان ارشاد کی بولنگ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی،شعیب ملک، لیام لیونگ اسٹن اور عمر خان کی موجودگی میں اسپن کا شعبہ بھی اچھا نظر آ رہا ہے۔