قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فرد واحد نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کی خواہش ہے کہ یہ نااہل اور کرپٹ حکومت اب گھر جائے۔
اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئینی طریقے سے حکومت کو ہٹا کر قوم کے پاس دوبارہ جائیں، شفاف الیکشن اور فریش مینڈیٹ کے ساتھ مل کر حکومت بنائی جائے اور پریشانی میں گھرے عوام کی خدمت کریں۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی بات حتمی نہیں ہوتی، حکومت کے اتحادیوں کو قائل کرنے کی کوشش جاری ہے، پی ٹی آئی کے وہ ارکان جو حکومت کے خلاف ہیں، ان سے بھی بات کرنی چاہیے۔
پنجاب میں تبدیلی سے متعلق سوال پر صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلی سے متعلق پارٹی قائد کی مشاورت سے جو فیصلہ ہو گا اس کے مطابق عمل کریں گے۔
مشاورت کے بعد تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو جواب دیں گے: سراج الحق
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ اگلے الیکشن صاف شفاف ہوں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پارٹی میں مشاورت کے بعد تحریک عدم اعتماد پر متحدہ اپوزیشن کو جواب دیں گے۔