جنیوا میں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے لگائے گئے بینرز میں بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر

جنیوا 05 جولائی() انٹرنیشنل کونسل آف انڈین مسلمز (ICIM) کے کارکنوں نے یونیورسل ہیومن رائٹس کونسل (UHRC)اور اس کے پرجوش حامیوں کے ساتھ مل کر جنیوا میں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے احتجاجی بینرز لگائے۔
بینرز لگانے کا مقصد بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگرکرناتھا۔ انٹرنیشنل کونسل آف انڈین مسلمزنے ایک بیان میں کہا کہ یہ مشترکہ اقدام انصاف اور مساوات کے حصول میں اجتماعی کوششوں کی طاقت کا ثبوت ہے۔ بیان میں کہاگیا کارکنوں، انسانی حقوق کے گروپوں اور بین الاقوامی برادری کو اکٹھا کرکے ہم نے بھارتی اقلیتی برادریوں کو درپیش ناانصافیوں پر آنکھیں بندنہ کرنے کا عزم ظاہرکیا۔آئی سی آئی ایم کے صدر رشید احمد نے کہا کہ بھارت کی صورتحال توجہ طلب ہے اور یہ احتجاجی بینرز کروڑوں بھارتی شہریوں کی حالت زار کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد انصاف کا حصول اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔ ہم رہنمائوں، پالیسی سازوں اور لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایک بہتر دنیا کے لیے اس اجتماعی کام میں ہمارا ساتھ دیں۔احتجاجی بینر ز لگانے کا یہ واقعہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو متحد ہونے، ایک موقف اختیار کرنے اور ایک ایسی تحریک کا حصہ بننے کی دعوت دیتا ہے جو ایک ایسی دنیا کے لیے کام کرتی ہے جہاں انسانی حقوق کا احترام کیا جاتا ہے۔ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ تبدیلی ہم میں سے ہر ایک کے ساتھ شروع ہوتی ہے اور یہ کہ ہماری اجتماعی آوازیںٹھوس اور دیرپا تبدیلی لانے کی طاقت رکھتی ہیں۔ آئی سی آئی ایم کمیونٹی رہنمائوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور ماہرین تعلیم کا ایک عالمی اتحاد ہے جو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی عالمی اقدار کے لیے پرعزم ہے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔