اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹرز کانفرنس کا انعقاد
جنوبی پنجاب سمیت ملک کے تمام پسماندہ علاقوں میں علم کی شمعیں روشن کریں گے۔ڈاکٹر ناصر محمود
89
اسلام آباد 21۔ستمبر
چئیرمین، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو آئندہ چار سال کے لئے نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن کے چئیرمین کا اضافی چارج دے دیا، ایچ ای سی نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔یاد رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود تعلیم کے شعبے میں مختلف عہدوں پر کام کرنے کا 25سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے 60سے زائد تحقیقی پراجیکٹس مکمل کئے ہیں، ان کے 57تحقیقی مقالے قومی اور بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوئے ہیں۔ڈاکٹر ناصر محمود نے ایک طویل عرصے تک علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بطور ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن خدمات سر انجام دیں، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی مدت پوری ہونے کے بعد وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے انہیں یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر تعینات کیا تھا اور وہ یہ خدمات نہایت عمدہ انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ملتان ریجنل کیمپس میں صوبہ پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹرز کانفرنس گزشتہ روز منعقد ہوئی۔اس موقع پر یونیورسٹی میں داخلوں سے لے کر امتحانات اور ڈگری کے اجراء تک کے تعلیمی و تدریسی امور زیر بحث آئیں اور طلبہ کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ غربت، بے روزگاری اورناخواندگی کے خاتمے کے لئے سماجی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بھی عام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جنوبی پنجاب سمیت ملک کے تمام پسماندہ علاقوں میں علم کی شمعیں روشن کرے گی جس کے لئے انفراسٹرکچر کو توسیع دے رہے ہیں اور ملک کے جس علاقے میں بھی رسمی سہولتوں کا فقدان ہے وہاں پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر اور ماڈل سٹڈی سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ یونیورسٹی نے ایک متحرک پالیسی کے تحت تدریسی اور انتظامی امور کی تکمیل کے لئے ایک مستقل شیڈول تیار کرایا ہے، ریجنل ڈائریکٹرز اکیڈمک کیلنڈر کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسائنمنٹس کے نتائج بھی طے شدہ ٹائم فریم کے اندرجمع کرائیں تاکہ طلبہ کے فائنل امتحانات مقررہ اوقات کار کے مطابق منعقد ہوں اور نتائج بھی بر وقت مرتب ہوں۔
ریجنل ڈائریکٹرز نے وائس چانسلر کو تمام امور کو شیڈول کے مطابق منعقد کرانے اور ان کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ڈاکٹر ناصر محمود نے مزید کہا کہ سٹوڈنٹ سپورٹ سسٹم ان کی پہلی ترجیح ہے کیونکہ سپورٹ سسٹم کو فاصلاتی نظام تعلیم میں بہت اہمیت حاصل ہے ٗ سپورٹ سسٹم جتنا مضبوط اور پائیدار ہوگا ٗ طلبہ کا یونیورسٹی پر اعتماد میں اس قدراضافہ ہوگا جس سے یونیورسٹی کی ریٹنگ یقینی طور پر بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کو حسب ضرورت مطلوبہ سٹاف اور ساز و سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔
آخر میں وائس چانسلر نے ریجنل ڈائریکٹرز کی یونیورسٹی کی ترقی کے لئے دیرینہ خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے ریجنل دفاتر کی خدمات تفصیل سے بیان کیں۔ریجنل ڈائریکٹر ملتان، غلام حسین کھوسہ نے کانفرنس کی میزبانی کے فرائض انجام دیں۔