ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ تیار

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا سمیت دیگر ملکوں کی ٹیموں کا اعلان ہوچکا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ تاحال قومی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے قومی اسکواڈ کا اعلان نہ کرنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں اور شائقین کرکٹ بھی انجرڈ نسیم شاہ کی جگہ محمد عامر کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن میں کوئی تنازع نہیں ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے پندرہ کھلاڑی تین دن پہلے ہی طے ہوچکے تھے، پی سی بی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان ہوگا۔
نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہیں ان کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائیں گے۔
زمان خان، ابرار احمد اور محمد حارث ٹریولنگ ریزرو میں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ سے پہلے اسپن بولنگ کوچ بھی اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا، سابق اسپنر مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کے مضبوط امیدوار ہیں۔