
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی)
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پیغمبر اسلام، خاتم الانبیاء حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کے پرچار کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، مدد علی سندھی کی ہدایت پر یونیورسٹی قومی سیرت کانفرنس رواں ماہ کے تیسری ہفتے میں منعقد کرارہی ہے۔یہ کانفرنس یونیورسٹی کی سیرت چئیر، شعبہ سیرت سٹڈیز اور نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی کے مشترکہ تعاون سے منعقد کی جائے گی۔
کانفرنس میں ملک بھر سے سیرت نگاران، محققین، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے سیرت کانفرنس کے انعقاد کی ذمہ داری سونپنے پر وفاقی وزیر تعلیم، مدد علی سندھی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اوپن یونیورسٹی نے ہمیشہ وزیر تعلیم کے احکامات اور ہدایات پر عمل درآمد میں پہل کی ہے اور اب بھی ہم نے عقیدت اور احترام کے ساتھ سیرت کانفرنس کے انعقاد کی تیاری شروع کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیرت کانفرنس کا انعقاد ایک مذہبی سعادت ہے، وفاقی وزیر تعلیم کی خواہش اور ہدایت بھی ہے۔وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم کی ہدایات پر یونیورسٹی پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کے لئے اس طرح کی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو حضور پاکﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں رواداری، برداشت، عفوو درگزر، اخوت اور حب الوطنی کی تربیت دے رہی ہے۔