اوپن یونیورسٹی گولڈن جوبلی تقریبات کی کور کمیٹی کا اجلاس

پشاور، مظفر آباد، کوئٹہ، کراچی، لاہور، سکردو اور اسلام آباد میں کانوکیشنز ہوں گے

اسلام آباد 10۔اکتوبر:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت گولڈن جوبلی تقریبات کی کور کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز یہاں یونیورسٹی کے مین کیمپس میںمنعقد ہوا۔ اس موقع پر گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے غور و حوض کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی جنوری تا مئی، 2024 اسلام آباد میں مین کیمپس، چاروں صوبائی دارلحکومتوں سمیت مظفر آباد اور سکردو میں کانوکیشنزمنعقدکرے گی، علاوہ ازیں 12بین الاقوامی کانفرنسز،سیمینارز،سمپوزیم،ہوم ایلومینائی ویڈیوز ریکارڈنگ، کتابوں کی نمائشوں کے علاوہ تحقیقی و ادبی محافل اورثقافتی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔

اجلاس نے گولڈن جوبلی کے لئے تیار کئے گئے لوگوکو اتفاق رائے سے منظور کیا،یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اس لوگو کو آئندہ ہفتے لانچ کیا جائے گا جس کے بعد سرکاری خط و کتابت کے لئے اس لوگو کے لیٹر پیڈ ز اور لفافے تیار کئے جائیں گے۔اِس موقع پر وائس چانسلر نے کنٹرولر امتحانات کو طلبہ کا ڈیٹا فراہم کرنے اور ڈائریکٹر آئی سی ٹی کو سٹوڈنٹ رجسٹریشن فارم یونیورسٹی کی ویب پیج پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایات جاری کردی۔اجلاس نے طلبہ کی راہنمائی کے لئے کانوکیشن کا اشتہار نومبر کے پہلے ہفتے میں شائع کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے بتایا کہ شعبہ اردو کے ایم فل اور پی ایچ ڈی گریجویٹس نے 10ہزار کتابیں لکھی ہیں جس کو ڈسپلے کرنے کے لئے 2نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سائنسز، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کے گریجویٹس کو بھی کتابوں کی نمائشوں میںاپنی کتابوں کو ڈسپلے کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ملک کے مختلف اداروں میں اہم عہدوں پر فائز یونیورسٹی کے گریجویٹ کو "ایلومینائی ہوم”میں مدعو کیا جائے گا،گریجویٹس کے ویڈیو کلپس ریکارڈ کئے جائیں گے۔