پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کل 22 اگست کو ترنول کے مقام پر ہر صورت پی ٹی آئی جلسہ منعقد کرے گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے جارہے ہیں، پی ٹی آئی ایک سیاسی پارٹی ہے ہماری ایک سیاسی تحریک ہے، جلسہ کی راہ میں رکاوٹ اور آئینی و قانونی حق کو دبانے کی کوشش ہوئی تو سخت مزاحمت ہوگی۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کی اجازت دینے کا حکم عدالت نے دیا ہے، یہ اگر کورٹ کے خلاف گئے تو پھر ہم بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، جلسہ کے لئے مارچ کو خود لیڈ کروں گا اور میری گاڑی سب سے آگے ہوگی۔علی امین خان گنڈاپور کاکہنا تھا کہ مرکز میں بیٹھے نااہل ٹولے کی مفاد پرست پالیسیوں سے ملک میں معاشی تباہی آچکی ہے، حالات خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں، بحیثیت قوم سوچنا ہے اور ملک کے مستقبل کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔