مشال قتل کیس کے مزید 2 ملزمان کو عمر قید کی سزا

پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے مشال قتل کیس کے 4 ملزمان کا فیصلہ سناتے ہوئے دو کو عمر قید اور دو کو بری کردیا۔

  عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قتل کیس میں عارف خان اور اسد کاٹلنگ کو عمر قید کی سزا سنا دی جب کہ ملزم صابر مایار اور اظہار جونی کو بری کردیا۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 مارچ کو مشال قتل کیس کے 4 ملزمان سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا، کیس کے دوران مشال خان کے والد اور 46 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیےگئے۔

پشاور کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں 13 اپریل 2017 کو جرنلزم کے 23 سالہ طالب علم مشال خان کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔

ایبٹ آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج فضل سبحان نے 27 جنوری 2018 کو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک مجرم کو سزائے موت اور دیگر 26 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا تھا۔