اقوام متحدہ بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں قتل کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹریبونل قائم کرے، تحریک وحدت اسلامی
سرینگر11جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں تحریک وحدت اسلامی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوں میں بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی تحقیقا ت کیلئے اپنا ایک خصوصی ٹربیونل تشکیل دے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں نے گزشتہ 33برس کے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں نوجوانوں کو انعامات اور ترقیوں کی لالچ میں جعلی مقابلوں میں شہید کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بھارتی فوج کے کیپٹن بھوپندر سنگھ نے راجوری کے رہائشی تین نوجوانوں کو ضلع شوپیاں کے علاقے امشی پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں قتل کردیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے مجرم کیپٹن کے خلاف عدالت میں پیش کی گئی فرد جرم میں تصدیق کی ہے کہ بھوپندر سنگھ ے ان نوجوانوں کو 20لاکھ روپے کا انعام حاصل کرنے کیلئے جعلی مقابلے میں قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے کیپٹن کی طرف سے تین بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے جعلی مقابلے میں قتل کا یہ تازہ واقعہ عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے۔تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کے قتل میں ملوث مجرم بھارتی فوجیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اورانہیں قرار واقعی سزا دلانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔
via kms news