کراچی، (12 جنوری 21): پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب لائیو ویپنز فائرنگ کے ذریعے جنگی تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے سینئر نیول آفیسرز کے ہمراہ فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
پاک بحریہ کی آبدوزوں سے داغے گئے جہاز شکن میزائلز اور تارپیڈوز نے اپنے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں اور حربی قابلیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر امیر البحر نے پاک بحریہ کی آ پریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اورآفیسرز اور جوانوں کے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ قابلیتوں کو بھی سراہا۔
لائیو ویپنز فائرنگ کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے قوم کو اس بات کی یقینی دہانی کرائی کہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کادندان شکن جواب دینے اور بحری دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے ہر دم مستعد ہے۔