مودی اوربھارتی میڈیا کا ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب، وزیراعظم نے عالمی برادری کو خبردار کردیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی صحافی کے رابطوں نےمودی اوربھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا، عالمی برادری بھارت کو غیرذمے دار اور جنگجو ایجنڈے سے روکے ، ایسانہ ہوکہ خطہ ایک ایسے تنازع کا شکار ہوجائے ، جس پرعالمی برادری قابو نہ پاسکے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ میں نے 2019 میں ہی جنرل اسمبلی میں مودی کے عزائم واضح کردیے تھے کہ کیسے مودی حکومت نے بالاکوٹ بحران کو انتخابی فائدے کیلئے استعمال کیا، بھارتی صحافی کے رابطوں نے مودی اور بھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ناپاک گٹھ جوڑ الیکشن جیتنے کے لیے فوجی مہم جوئی تک چلا گیا، خطےکےعدم استحکام سے دو چار ہونے کے خطرے کو قطعا نظر انداز کردیا گیا، بالاکوٹ پر بڑا بحران پاکستان کے ذمے دار اور نپے تلے ردعمل سے ٹل گیا، اس کے باوجود مودی سرکاربھارت کو بدمعاش ریاست بنانے پر تلی رہی۔

 

عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کی سہولت کاری بے نقاب ہوچکی ہے، مقبوضہ کشمیر میں استحصال اور15سال کی پاکستان کے خلا ف مہم کا پردہ چاک ہوچکا ہے، اب بھارت کے اپنے میڈیا نے گندے گٹھ جوڑ کو آشکار کردیا، گندا گٹھ جوڑ ہمارے جوہری خطے کو اس ناقابل متحمل تنازع کی طرف دھکیل رہا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف مذموم بھارتی عزائم بے نقاب کرتے رہیں گے، عالمی برادری بھارت کو غیر ذمےدار اور جنگجو ایجنڈے سے روکے ، ایسا نہ ہوکہ خطہ ایک ایسے تنازع کا شکار ہو جائے ، جس پرعالمی برادری قابو نہ پاسکے۔