محمد عامر قومی ٹیم میں واپسی کیلیے مشروط طور پر رضامند

‏فاسٹ بولر محمد عامر نے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے مشروط رضامندی ظاہر کی ہے۔

‏ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کے حوالے سے گزشتہ روز میڈیا پر یہ خبریں چلنا شروع ہوئیں کہ محمد عامر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دیا ہے اور وہ بورڈ کو خود اس حوالے آگاہ کریں گے۔

محمد عامر کی ریٹائر منٹ کی واپسی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک بحث شروع ہو گئی اور اس بحث کے بعد فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے۔

‏ محمد عامر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ میں صرف اسی وقت پاکستان کے لیے دستیاب ہوں گا جب یہ مینجمنٹ چھوڑ جائے گی، اس لیے اپنی اسٹوری بیچنے کے لیے جعلی خبریں پھیلانا چھوڑ دیں۔

 

 محمد عامر نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ انہیں موجودہ مینجمنٹ نے ذہنی اذیت پہنچائی ہے اس لیے وہ اب انٹر نیشنل کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے۔

فاسٹ بولر  کے اس بیان کے بعد پی سی بی نے عامر سے بات کی اور پھر بورڈ نے اعلان کیا کہ وہ محمد عامر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور انہیں انٹر نیشنل کرکٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔

‏چند روز قبل محمد عامر نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے بارے میں دوبارہ وہی الفاظ دہرائے جن کی بنیاد پر انہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

‏مصباح الحق اور وقار یونس محمد عامر کے الزامات کی تردید کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذاتی طورپر محمد عامر کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ پرفارمنس کی بنیاد پر محمد عامر کو ریسٹ دیا گیا تھا۔