پاک جنوبی افریقہ سیریز: کمنٹری پینل میں شامل ستاروں کے نام سامنے آگئے

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں کون کون سے نامور کمنٹیٹرز شامل ہونگے؟۔

تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ کو کراچی میں چودہ سال بعد جنوبی افریقہ کو ایکشن میں دیکھنے کا بے چینی سے انتظار ہے، شائقین یہ میچ گھر پر ہی بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔

ساتھ ہی شائقین کرکٹ میں یہ بھی شش وپنج پایا جاتا ہے کہ تاریخی ٹیسٹ سیریز میں کون کون سے معروف کمنٹیٹرز شامل ہونگے؟تو پی سی بی نے شائقین کا یہ تجسس بھی ختم کردیا ہے۔

ستاروں سے سجی اس کہکشاں میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان کے ساتھ ساتھ مائیک ہیسمین اور ڈیرل کلینن سمیت نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر سائمن ڈول بھی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سابق بیٹسمین ڈیرل کلینن نے کمنٹری پینل میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں ہم ایک شاندار سیریز کے انعقاد کے منتظر ہیں، ڈیرل کلینن نے دونوں ٹیموں کو باصلاحیت قرار دیا۔

کمنٹری پینل میں شامل نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ معیار کے فاسٹ باؤلرز پر مشتمل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آغاز کا اب مزید انتظار نہیں کرسکتے۔

معروف کمنٹیٹر مائیک ہیسمین کا کہنا تھا کہ سال 2003 میں پاکستان میں کھیلی گئی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر انہوں نے آن ائیر ایک جملہ کہا تھا کہ ان دونوں ٹیموں کو کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا، آج اٹھارہ سال بعد ان دونوں ٹیموں کے درمیان جنگ کا دوبارہ آغاز ہونے جارہا ہے،اس تاریخی ٹور پر انہیں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

 

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم صرف ٹیسٹ سیریز میں کمنٹری کرینگے جبکہ سائمن ڈول ٹی 20سیریز کے لیےکمنٹری پینل جوائن کریں گے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز کی پروٖڈکشن میں 28 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا، اس کے علاوہ ہاک آئی بال ٹریکنگ پر مشتمل ڈی آرایس،الٹراموشن،بگی کیمرہ اور ڈرون کے زریعے میچز کے تاریخی لمحات کو کوور کیا جائے گا۔