عمان کا مقامی افراد کے لیے اہم فیصلہ
مسقط: سلطنت عمان نے سرکاری اور نجی شعبوں میں متعدد اسامیاں مقامی شہریوں کے لیے مخصوص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمانی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلطنت عمان نے سرکاری اور نجی شعبوں میں متعدد پیشے مقامی شہریوں کے لیے مخصوص کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔
عمانی وزارت محنت بدھ کو پریس کانفرنس میں مقامی شہریوں کو آگاہ کرے گی کہ وہ کن سرکاری محکموں، اداروں، وزارتوں اور نجی کمپنیوں و اداروں میں کن ملازمتوں کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔
حکومت نے سرکاری اور نجی دونوں اداروں میں بیشتر اسامیاں مقامی شہریوں کے لیے مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت محنت مقامی لیبر مارکیٹ کے بگڑے ہوئے توازن کو ٹھیک کرنے اور مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کرنے کے لیے کئی نئی اسکیموں کا اعلان کرے گی۔
عمانی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی بتایا جائے گا کہ سنہ 2020 میں حکومت نے مقامی شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے کیا اقدامات کیے تھے اور کس حد تک کامیابی حاصل کی جاسکی ہے۔